Categories
Defence International Affairs June 2026

ایران جنگ بندی کس طرح بکھر رہی ہے

Loading

ندائے حق

ایران جنگ بندی کس طرح بکھر رہی ہے

اسد مرزا

29 June 2026

اسلام آباد میمورینڈم پر دستخط کی سیاہی ابھی خشک بھی نہیں ہوئی تھی کہ خلیجِ فارس میں میزائل اور ڈرون پھر سے اُڑنے لگے۔ واشنگٹن اور تہران کے درمیان ایک ہفتے کے حملوں نے، جس میں لبنان پر اسرائیل کی بے رحمانہ بمباری بھی شامل رہی، یہ ثابت کر دیا کہ جون 2026 کی امریکہ-ایران جنگ بندی ایک نازک ڈھانچہ ہے جو حقیقی سٹریٹجک ہم آہنگی کے بجائے محض سفارتی تھکان کے سہارے کھڑا ہے۔

جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے 17 جون 2026 کو اسلام آباد میمورینڈم پر دستخط کیے — تو دنیا کو ایک خوش کن تصویر دکھائی دی: 2003 کی عراق جنگ کے بعد مشرقِ وسطیٰ کا سب سے خطرناک فوجی تصادم بالآخر تھمتا نظر آیا۔ پاکستان اور قطر کی کئی ماہ کی ثالثی سے طے پانے والے اس معاہدے نے 2026 کی ایران جنگ کے مستقل خاتمے کے لیے مذاکرات اور 60 روزہ جنگ بندی کا فریم ورک قائم کیا۔ مگر دو ہفتے بھی نہ گزرے تھے کہ یہ خواب چکنا چور ہو گیا — ٹوٹے ہوئے وعدوں، ایرانی اشتعال انگیزیوں، اسرائیلی سرکشی، اور ایک ایسے امریکی صدر کی بے ثبات طبیعت کی نذر ہو گیا جو ایک دن ایران کو فنا کرنے  کی  دھمکی دیتا ہے اور اگلے دن تجارتی ترغیبات پیش کرتا ہے۔

وہ جنگ بندی جو کبھی تھی ہی نہیں

موجودہ بحران کو سمجھنے کے لیے یہ دیکھنا ضروری ہے کہ جنگ بندی اپنے ابتدائی دور سے ہی کتنی لڑکھڑاتی رہی ہے۔ پاکستان کی ثالثی میں 7-8 اپریل 2026 کو طے پانے والی دو ہفتے کی ابتدائی جنگ بندی کو دونوں فریقوں نے تقریباً فوری طور پر توڑ دیا۔ کم شدت کی جھڑپیں کبھی نہیں رکیں۔ ٹرمپ نے 21 اپریل کو جنگ بندی کو “غیر معینہ مدت” کے لیے بڑھا دیا، مگر امریکی افواج نے مئی میں ایران میں اہداف پر حملے کیے ۔ ایران نے جہاز رانی کو نشانہ بنا کر جوابی کارروائی کی۔ ہر فریق نے دوسرے کو پہل کرنے کا ذمہ دار ٹھہرایا؛ اور دونوں ہی درست تھے۔

17 جون کا میمورینڈم اس چکر سے باہر نکلنے کا راستہ ہونا تھا۔ اس کے بجائے اس نے اس چکر کو اور تیز کر دیا۔ 26 جون کو اسلامی انقلابی گارڈ کور نے آبنائے ہرمز میں ایک ڈرون سے سنگاپور کے پرچم بردار مال بردار جہاز کو نشانہ بنایا۔ ٹرمپ نے اسے جنگ بندی معاہدے کی “بیوقوفانہ خلاف ورزی” قرار دیا اور اپنے مخصوص انداز میں — “آپ کو پتہ چل جائے گا” — فوج کو جوابی حکم دے دیا۔ امریکی بحریہ اور فضائیہ کے طیاروں نے آبنائے کے آس پاس ایران کے دس فوجی اہداف کو نشانہ بنایا، جن میں نگرانی کا بنیادی ڈھانچہ، ابلاغی نظام، فضائی دفاعی مراکز، ڈرون ذخیرہ گاہیں اور بارودی سرنگ بچھانے کی صلاحیت شامل تھیں۔

ایران کی وزارتِ خارجہ نے ان حملوں کو 18 جون کے میمورینڈم کی “صریح خلاف ورزی” قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ “امریکی حکومت اپنے وعدوں کی کوئی قدر نہیں کرتی۔” اس کے بعد ایران نے کویت میں علی السالم فضائی اڈے اور بحرین میں امریکی پانچویں بیڑے کے ہیڈ کوارٹر پر بیلسٹک میزائل اور ڈرون داغے۔  امریکہ نے ایک بار پھر ایران کے ساحلی بنیادی ڈھانچے پر دوسری لہر کے حملے کیے۔ 28 جون تک دونوں فریق نئے مذاکرات سے پہلے حملے روکنے پر راضی ہو گئے — مگر یہ اتفاق اپریل کی جنگ بندی کے بعد سب سے شدید دو دن کے تبادلۂ حملوں کے بعد ہوا۔

یہ سفارت کاری کا لبادہ اوڑھے ہوئے  جنگ بندی ہے۔

نیتن یاہو عنصر: ایک اتحادی جو تخریب کار بن گیا

امریکہ-ایران کے نازک سفارتی ڈھانچے کو سب سے زیادہ نقصان پہنچانے والا اگر کوئی ہے تو وہ اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو ہیں۔ جوں۔ جوں امن مذاکرات نے رفتار پکڑی، اسرائیل نے لبنان میں الٹی سمت قدم بڑھائے، جہاں اس کی حزب اللہ کے خلاف جنگ اس شدت سے جاری رہی کہ چار ہزار سے زائد افراد مارے گئے، دس لاکھ سے زیادہ بے گھر ہوئے اور جنوبی لبنان کے درجنوں دیہات مسمار ہو گئے۔

ایران نے ہمیشہ ایک مطالبہ غیر مشروط رکھا: کسی بھی وسیع تر معاہدے کا حصہ لبنان پر اسرائیلی حملوں کا خاتمہ ہونا چاہیے۔ نیتن یاہو نے اتنی ہی پختگی سے انکار کیا، اصرار کرتے ہوئے کہ ایران کے ساتھ جنگ بندی “لبنان کو شامل نہیں کرتی” — ایک موقف جس نے تہران کو مشتعل کیا اور مذاکرات کو بار بار انہدام کے دہانے پر لا کھڑا کیا۔

ٹرمپ، اپنی سفارتی وراثت بچانے کی جدوجہد میں، مبینہ طور پر نیتن یاہو کو ایک گرما گرم بات چیت میں “پاگل” کہہ بیٹھے اور بیروت پر منصوبہ بند حملے منسوخ کرانے کے لیے دباؤ ڈالا۔ نیتن یاہو مانے — مختصر وقت کے لیے۔

یہ اختلاف محض حکمتِ عملی کا نہیں، بلکہ اس سے کہیں گہرا ہے۔ مئی کے آخر کی رپورٹوں کے مطابق نیتن یاہو اور ان کا قریبی حلقہ ابھرتے ہوئے امریکہ-ایران معاہدے کو خصوصی نشستوں میں “تباہ کن” قرار دیتے ہیں — اس خدشے سے کہ یہ ایران کی علاقائی حیثیت بحال کرے گا، منجمد اثاثے آزاد کرے گا، اور تہران کے جوہری پروگرام کو مبہم چھوڑ دے گا، ختم نہیں کرے گا۔

ٹرمپ کا ڈانواڈول رویہ

امریکی حکمتِ عملی کا بنیادی مسئلہ اس کے سربراہ کی بے ربطی ہے۔ صرف 23 مارچ سے 9 جون کے درمیان ٹرمپ نے کم از کم 38 بار دعویٰ کیا کہ ایران کے ساتھ معاہدہ قریب ہے۔ انہوں نے ایران کو غیر مشروط ہتھیار ڈالنے کی دھمکی دی، پھر منجمد ایرانی اثاثے ایران کے عوام کے لیے امریکی اجناس خریدنے پر استعمال کرنے کی پیشکش کی۔ انہوں نے مارچ کے آخر میں اعلان کیا کہ امریکہ نے جنگ “جیت لی” حالانکہ ایرانی میزائل برستے رہے۔ انہوں نے 21 جون کو فردو، نطنز اور اصفہان کے جوہری مراکز پر حملوں کا حکم دیا — اور تین دن بعد جنگ بندی کا اعلان کر دیا۔

یہ جان بوجھ کر اختیار کیا گیا سٹریٹجک ابہام نہیں ہے؛ یہ ایک ایسے رہنما کی بے قاعدہ  ذہنی  پیداوار ہے جو کوئی مربوط منزل سامنے رکھے بغیر آگے بڑھ رہا ہے۔ ایران کو حملوں کے جاری رہنے پر “فوجی طریقے سے کام مکمل کرنے” کی ٹرمپ کی دھمکیاں — اور یہ انتباہ کہ ایرانی حکومت “وجود میں نہیں رہ سکتی” — بیک وقت رکاوٹ کا کام بھی کرتی ہیں اور ایرانی سخت گیروں کو مزید سخت بھی کرتی ہیں۔ ان کی انتظامیہ اس دعوے کو رد کرتی ہے کہ امن مذاکرات رک گئے ہیں، حتیٰ کہ اس وقت بھی جب امریکی جنگی طیارے نئے حملے کر رہے ہوتے ہیں — ایک تضاد جو کسی بھی معاہدے کے ضامن کی حیثیت سے امریکی ساکھ کو کھوکھلا کرتا ہے۔

ٹرمپ اس معاہدے سے کیا چاہتے ہیں یہ نسبتاً واضح ہے: آبنائے ہرمز کا دوبارہ کھلنا تاکہ توانائی کی منڈیاں ٹھیک ہوں اور وہ ایک بڑی سفارتی کامیابی کا دعویٰ کر سکیں۔ جو وہ ماننے کو تیار نہیں وہ ایک پائیدار تصفیے کا مشکل ڈھانچہ ہے: قابلِ تصدیق جوہری پابندیاں، ایران کے علاقائی وکالتی نیٹ ورک کا فریم ورک، اور لبنان میں اسرائیل کو لگام دینے کا طریقہ کار۔

مغربی ایشیا کی سیکیورٹی: ایک بدلا ہوا منظرنامہ

میمورینڈم کی آخری تقدیر جو بھی ہو، 2026 کی جنگ مغربی ایشیا کا سٹریٹجک نقشہ پہلے ہی اس طرح بدل چکی ہے جو کسی ایک جنگ بندی سے آگے تک اثر انداز رہے گا۔ ایران جنگ میں بچ تو گیا مگر فوجی لحاظ سے کمزور، معاشی طور پر تباہ، اور سفارتی میدان میں تنہا ہو کر نکلا ہے۔

خلیجی ریاستیں — بحرین، کویت، قطر — ایرانی میزائل حملوں اور ہرمز کی بندش سے شدید نقصان اٹھا چکی ہیں اور سمندری آمدورفت کی مستقل آزادی کی ضمانتوں پر زور دیں گی۔ جنوبی لبنان کے کچھ حصوں پر اسرائیل کا قبضہ اور اس کی مسلسل فوجی موجودگی 1982 سے 2000 تک کی تباہ کن اسرائیلی قبضے کی یاد دلاتی ہے اور لبنان میں ایک طویل دلدل کا خطرہ پیدا کرتی ہے۔

28 جون کا حملے روکنے اور مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کا معاہدہ امید کا ایک باریک دھاگہ فراہم کرتا ہے۔ مگر جب تک اسرائیل لبنان پر حملے جاری رکھتا ہے، ایران میمورینڈم کو غیر نافذ شدہ سمجھتا ہے؛ جب تک ایران آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کو تنگ کرتا رہتا ہے، امریکہ میمورینڈم کو خلاف ورزی زدہ سمجھتا ہے۔ جنگ بندی کو اندر سے وہی فریق کھوکھلا کر رہے ہیں جنہوں نے اس پر دستخط کیے، اور باہر سے ایک ایسا اتحادی جسے کوئی مکمل قابو نہیں کر سکتا۔ جب تک لبنان کا سوال حل نہیں ہوتا — اور جب تک ٹرمپ یہ طے نہیں کر لیتے کہ وہ واقعی امن بنا رہے ہیں یا محض اس کی اداکاری کر رہے ہیں — مشرقِ وسطیٰ جنگ اور اس کی نقل کے درمیان معلّق رہے گا۔

۔۔۔۔۔۔۔۔

By Asad Mirza

Asad Mirza - Journalist, Author & Media Educator

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *